فصلوں کی پیداور اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلئے قرضے میں 80 فیصد اضافہ کیا جائے گا

Spread the love

حکومت کا آئندہ بجٹ میں 110 ارب روپے کا زرعی اصلاحاتی پیکج متعارف کروانے کا فیصلہ۔

راولپنڈی(نمائندہ امبرین بلوچ)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق فصلوں کی پیداوار اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلئے قرضے میں 80 فیصد اضافہ کیا جائے گا، حکومت کا آئندہ بجٹ میں 110 ارب روپے کا زرعی اصلاحاتی پیکج متعارف کروانے کا فیصلہ۔گلوبل ٹائمز میڈیا تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میں 110 ارب روپے کے زرعی اصلاحات پر مبنی پیکج متعارف کیے جانے امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ 3 سال کے اندرفصلوں کی پیداوار اور کسانوں کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافے کیلئے قرضے میں 80 فیصد یعنی 27 کھرب روپے تک کا اضافہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے زراعت جمشید اقبال چیمہ کے مطابق 10 ارب روپے کا پیکج 3 برس کیلئے ہوگا اور مرکز اور صوبوں کے ذریعہ 50:50 کے حساب سے مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ صرف وفاقی حکومت آنے والے بجٹ میں پہلے سال کے لیے تقریباً 25-30 ارب روپے مختص کرے گی۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ منظوری ملنے کے بعد صحیح رقم کا اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں رواں سال گندم کی پیداوار کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ اس حوالے سے وزیرخوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں اس سال گندم کی ریکارڈ 28 اعشاریہ 75 ملین میٹرک ٹن پیداوار ہوئی جو کہ جو پاکستان کی تاریخ میں سب سےزیادہ ہے جب کہ گزشتہ 10 برسوں میں گندم کی پیداوار کم تھی ، جس میں اب نمایاں اضافہ ہوا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کسانوں کو محنت کا بہترین معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم کی کسان دوست پالیسیزکےمثبت نتائج ملے، جس کے باعث گزشتہ برسوں کے مقابلے اس سال گندم پیداوار میں 5 ملین میٹرک ٹن کا اضافہ ہوا۔صوبائی وزیرخوراک عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب رواں سال گندم میں خود کفیل ہوگا اور قلت نہیں آئے گی، اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیےجارہے ہیں اور گندم کی ریکارڈ پیداوار کو محفوظ بنانے کے لیے ہدایات دے دی گئی ہیں جب کہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دوسری طرف عید کی تعطیلات کے بعدصوبے میں قائم خریداری مراکز پر گندم کی خرید کا عمل شروع ہو گیا ہے ، اب تک 96فیصد ہدف حاصل کر لیا گیاہے جبکہ 108فیصد سے زائد باردانہ بھی تقسیم کیا جا چکا ہے، اس بارے میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سوموار کو بینکوں کے کھلنے پر گندم کی خرید میں مزید تیزی آئے گی اور پنجاب میں امسال گندم کا طے شدہ 35لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف با آسانی حاصل کر لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں