جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم محکمہ ماحولیات کی نااہلی دھواں چھوڑتی گاڑیوں نے شہریوں کو اعصابی مریض بنا دیا، محکمہ ماحولیات کے افسران نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی، شہری سانس، دمہ، کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز او ر نجی فیکٹریوں کے مالکان کی سرپرستی محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران کی خاموشی کے باعث اندرون ضلع کی سڑکوں پر کھٹارہ گاڑیوں، شور پیدا کرنیوالے چنگ چی رکشوں، دھواں چھوڑتی گاڑیوں، نجی کارخانوں سے اٹھنے والی دھول مٹی کی بھر مار نے شہریوں کو اعصابی امراض میں مبتلا کر کے رکھ دیا ہے ضلع بھرکی سڑکوں پر ایسی گاڑیاں،مزدے، ٹریکٹر ٹرالیاں اور اندرون شہر رکشے دندناتے پھرتے ہیں جس سے شہر سمیت ضلع بھر کی آب و ہوا آلودہ اور شہریوں کا سانس لینا محال ہو چکا ہے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑیوں سمیت کارخانوں کا زہریلا دھواں جگر پھیپھڑے اور سانس کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ جلد کی بیماریوں کو بھی جنم دیتا ہے اس سے ٹی بی کا خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے شہر کی عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے اور محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران کو کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
