جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم شہر و گردونواح میں مضر صحت برف کے گولے، قلفیاں اور جوسسز کی فروخت عروج پر ہسپتالوں کی رونقیں بڑھنے لگیں،پنجاب فواتھارٹی خاموش تماشائی۔ شہریوں کا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں مختلف چوک چوراہوں، مضافاتی علاقوں کے سکولوں کے باہر طرف قلفیاں اور برف گولے فروخت کرنے والے افراد نے سکرین اور مضر صحت شربت سے تیار کردہ برف کے گولے، قلفیوں کی فروخت دیدہ دلیری سے شروع کر رکھی ہے اکثر علاقوں میں گولے فروش تشہیر کے لئے لاؤڈ سپیکر استعمال کر تے دکھائی دیتے ہیں، گولے فروش سکرین اور مضر صحت کیمیکل ملا رنگ استعمال کرکے چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں میں بیماریاں بانٹنے کا کام کر رہے ہیں۔ جس کے نتیجہ میں کمسن بچے مختلف مہلک امراض جن میں گیسٹرو،ہیپاٹائٹس، معدے سمیت دیگر موذی بیماریوں کا شکار ہو کر ہسپتال کا رخ کر رہے ہیں رہی سہی کسر جعلی جوس اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ملتے جلتے ناموں پر بننے والے جعلی دو نمبر جوسسز آئس کریم اور قلفیوں نے پوری کر رکھی ہے،جو گلی محلوں سمیت بڑی بڑی دکانوں پر سپلائی کرکے راتوں رات کروڑ پتی بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ جن کے استعمال سے بچوں سمیت، عورتیں، نوجوان لڑکیاں اور بوڑھوں میں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے اور سادہ لوح افراد کو گولے اور جوس فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
