جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم اندرون شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام تعطل کا شکار ہو گئے۔ سڑکوں کی تعمیر نہ ہونے سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ضلعی افسران فنڈز کی قلت کے بہانے بنا کر شہریوں کا تماشہ دیکھنے میں مصروف۔ شہریوں کا ارباب اختیار سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا مطالبہ۔ تفصیلات کیمطابق جہلم اندرون شہر کی سٹرکیں مرمت نہ ہونے کیوجہ سے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔سڑکوں کی تعمیر و مرمت نامعلوم وجوہات کی بناء پر نہیں ہو رہیں جس کیوجہ سے شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بن رہی ہیں۔ جبکہ گہرے گڑھوں کیوجہ سے آئے روز شہری حادثات کاشکار ہو رہے ہیں، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ منتخب عوامی نمائندے اندرون شہر ترقیاتی کام کروانے کی بجائے مضافاتی علاقوں میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں، جس کیوجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے فنڈز جاری کروائے جائیں تاکہ شہر کی سڑکوں میں بننے والے گڑھوں کا خاتمہ ہو سکے اور شہری بحفاظت سفر جاری رکھ سکیں۔
