جیکب آباد میں عیدالاضحی بڑی عقیدت و احترام سے منائی گئی

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں عیدالاضحی بڑی عقیدت و احترام سے منائی گئی، علماء کرام نے فلسفہ قربانی پر روشنی ڈالی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح جیکب آباد میں بھی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے مسلمانوں نے حضرت ابراہیم ؑ کی سنت و لازوال قربانی اور حضرت اسماعیل ؑکی تابعداری کی یاد میں عیدالاضحی عقیدت واحترام سے منائی،جیکب آباد کے شہریوں نے بڑے پیمانے پر سنت ابراہیمی کی یاد میں گائے، بکرے اور دنبے اللہ کی راہ میں قربان کئے اور جانوروں کا گوشت عزیزواقارب، دوستوں اور مستحقین میں تقسیم کیا، عید کے موقع پر بچوں کی بڑی تعداد نے شہر کے واحد بینظیر پارک کا رخ کیا اور عید کی خوشیاں منائی، جیکب آباد میں عید کا مرکزی اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا جہاں قاضی شہر سید اعجازعلی شاہ نے عید نماز پڑھائی جبکہ مدرسہ تعلیم القرآن، مدرسہ قاسم العلوم، فیضان مدینہ سمیت دیگر کئی مقامات پربھی عید کے اجتماعات منعقد ہوئے اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ علماء کرام نے عید کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی اللہ تعالی کے جلیل القدر پیغمبر حضرات ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام اور ان کے عظیم فرزند سیدنا اسماعیل علیہ السلام کے مثالی جذبہ اطاعت استقامت، جاں نثاری و فداکاری کی علامت و عظیم اور تاریخ ساز قربانی کی یادگار ہے جو انہوں نے پیش کی یہ وہ قربانی ہے جس کی مثال پوری انسانی تاریخ میں نہیں ملتی، علماء کرام نے کہا کہ قربانی درحقیقت سنت ابراہیمی کی یادگار اور اس عہد کی تجدید ہے کہ ہمارا جینا مرنا ہر عمل اللہ کے لیے ہے اور اللہ اور اس کے رسولﷺ کے حکم کی تعمیل ہی در حقیقت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی پوری تاریخ انسانی میں بلند مقام رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ قربانی سنت ابراہیمی ہے جس کا طریقہ پیغمبر اسلام ﷺ نے بتایا ہے اس طریقے سے ہٹ کر کسی بھی طریقے سے قربانی کی عبادت ادا نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا کہ جولوگ قربانی کے بجائے فقیروں کو نقد رقم تقسیم کی بات کرتے ہیں وہ لوگ قرآنی و اسلامی تعلیمات سے ناآشنا ہیں، علماء کرام نے کہا کہ عید خوشیوں محبت اور یکجہتی کا تہوار ہے ہمیں عید کی خوشیوں کو بانٹنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں