جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں پولیس کا یوم شہدا ء کے موقع پر تقریب کا انعقاد، شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیس کی جانب سے یوم شہدا ء کے موقع پر ڈی سی چوک پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جیکب آباد پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شمعیں روشن کی، تقریب میں پولیس کے شہداء کے ورثہ سمیت اسسٹنٹ کمشنر شہزاد احمد، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہزمان بیگ ڈہر، چیمبر آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی، شہری اتحاد کے صدر محمد اکرم ابڑو، مسیحی رہنما پاسٹر شارون سمیت دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر ایس ایس پی جیکب آبادشمائل ریاض ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہیدوں نے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرکے معاشرے میں امن کے خاطر عظیم قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا، شہداء کا دن منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اپنے شہداء کے ورثاء و لواحقین کو یہ باور کرایا جائے کہ ہم ان کے ساتھ کندھا ملائے کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیس کے لواحقین کی ہر جائز اور ممکنہ مدد کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو اپنے شہداء پر فخر ہے کہ انہوں نے قوم کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اللہ ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے اور تمام خاندانوں کو صبر عطا کرے، انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی بے مثال قربانیوں کی بدولت جیکب آباد سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں امن اومان قائم ہوا، اس موقع پر شہیدوں کے ورثاء کے مسائل سنے گئے اور ان کے چھوٹے بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے۔
