سٹی ٹریفک پولیس کی تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں‘ 331 افراد گرفتار

Spread the love

تجاوزات کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت

پشاور(نمائندہ وصال احمد)اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 331 افراد کو گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کردیئے۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ہفتے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات مافیا کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے کے نوٹسز جاری کئے جبکہ بعد ازاں ان کو تجاوزات کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات بارے آگاہ کیا اور ہدایت کی کہ وہ رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے مختلف سیکٹروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے 331 افراد کو گرفتار کرلیا جن پر جرمانے عائد کئے گئے.چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کرکے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو حراست جبکہ سامان کو قبضے میں لیکر ٹرمینل منتقل کردیا جاتا ہے تاکہ مالکان پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مزید کہا کہ تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں