کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسانوں سے 22سو روپے فی من گندم خریدنے کو یقینی بنا رہی

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسانوں سے 22سو روپے فی من گندم خریدنے کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ انہیں فصل کا پورا معاوضہ ملے اور انہیں مڈل مین کے مالی استحصال سے بچایا جا سکے۔ کسانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی فصل خریداری مراکز پر لائیں اور اسے کم معاوضے پر نہ بیچیں۔ انہوں نے یہ بات گندم خریداری مراکز غلہ منڈی اور قادرآباد میں گندم خریدنے کے عمل کا معائنہ کرنے کے دوران کہی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خریداری مراکز پر باردانہ کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہر کسان کو کسی پریشانی کے بغیر باردانہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ محکمہ خوراک کے فیلڈ عملے کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ خریداری کے بعد کسانوں کو فوری معاوضہ کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔ اس سے پہلے اپنے دفتر میں گندم خریداری مہم کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر علی بہادر قاضی نے محکمہ خوراک کے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ باردانہ کی تقسیم کا عمل تیز کریں اور تمام خریداری مراکز پر سہولیات میں اضافہ کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن کے 4لاکھ7ہزار میٹرک ٹن ہدف میں سے اب تک 99ہزار 9سو میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے جو کل ہدف کا 24.5فی صد ہے جبکہ ایک لاکھ 85ہزار میٹرک ٹن سے زائد کا باردانہ تقسیم کیا جا چکا ہے جو ہدف کا45.56فی صد ہے۔ کمشنر نے ساہیوال اور پاک پتن کے اضلاع میں گندم خریدنے کے عمل میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 71فی صد، ضلع اوکاڑہ میں 40فی صد اور ضلع پاک پتن میں 57فی صد فصل کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ بالترتیب 50فی صد، 29فی صد اور 25فی صد تھریشنگ کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔ بعد ازاں کمشنر علی بہادر قاضی نے رمضان بازار کا دورہ کیا اور آٹے اور چینی کے سٹالز پر خریداروں کو دی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں