پنجاب،الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کرلیے

Spread the love

پولیس پریزائیڈنگ افسران کو سکیورٹی فراہم کرے گی اور انتخابی عمل کے مکمل ہونے تک پولنگ سٹاف کے ہمراہ رہے گی۔

اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات (کل)بروز اتوار کو ہوں گے، انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں، پریذائیڈنگ افسران ریٹرننگ افسران سے پولنگ بیگ وصول کریں گے،پولیس پریذائیڈنگ افسران کوسکیورٹی فراہم کرے گی اورانتخابی عمل کے مکمل ہونے تک پولنگ سٹاف کے ہمراہ رہے گی، تمام حلقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار لاء اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن فارم 45 کی تصویر کھینچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے مزید وہ پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45کی صاف اور واضح تصویر لیں گے اور فورا ریٹرننگ افسران کو واٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے۔انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسران فورا ریٹرننگ افسران کے دفتر پہنچ کر فارم 45کی اصل کاپی ریٹرننگ افسران کے حوالے کریں گے ۔الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ا یجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45وصول کیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے، ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45کی دستخط شدہ کاپی پولنگ اسٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔ریٹرننگ افسران نے خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے ہیں جو پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتے رہیں گے ،ان کنٹرول رومز میں ریٹرننگ افسر ان کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر ز، پولیس، رینجرز اورپاک فوج کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے۔تا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے الیکشن کے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول روم قائم کر دیئے ہیں جو پولنگ کے دن صبح 7بجے سے ابتدائی نتیجہ مرتب ہونے تک بلاتعطل کام کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں