جیکب آباد کی گڑہی خیرو تحصیل سیلابی پانی میں مکمل ڈوب گئی

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کی گڑہی خیرو تحصیل سیلابی پانی میں مکمل ڈوب گئی، درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، چاروں اطراف سے زمینی راستہ منقطع، بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم، سول اسپتال اور گرڈ اسٹیشن سمیت تمام سرکاری ادارے پانی میں ڈوب گئے، 90 فیصد آبادی نقل مکانی کرگئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو شہر سمیت پوری تحصیل سیلابی پانی میں مکمل ڈوب چکی ہے اور گڑہی خیرو کو چاروں اطراف سے پانی سے گھیرے میں لیا ہوا ہے، سیلاب کی وجہ سے گڑہی خیرو کے درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے دیگر شہروں سے زمینی راستہ منقطع ہوچکا ہے جبکہ شہر میں سول اسپتال، بجلی گھر سمیت دیگر تمام سرکاری ادارے پانی میں ڈوب گئے ہیں اور بجلی سمیت تمام مواصلاتی نظام مکمل درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے،سیلابی پانی داخل ہونے کی وجہ سے 90 فیصد آبادی نقل مکانی کرچکی ہے اور متاثرین سڑک اور نہروں کے کنارے بے سروسامانی کے عالم میں حکومتی امداد کے منتظر ہیں جبکہ حکومت سمیت سماجی اداروں کی جانب سے متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی گئی جس کی وجہ سے متاثرین ٹینٹ اور کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں، متاثرین حکومتی امداد نہ ہونے کی وجہ سے اپنی مدد آپ کے تحت مشکل زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، مقامی صحافیوں کے مطابق گڑہی خیرو کے متاثرین اس وقت شدید اذیت والی زندگی گذار رہے ہیں اور معصوم بچے و خواتین غذائی قلت، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سمیت علاج کی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے کئی وبائی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں اب تک کئی بچے و خواتین وبائی امراض میں مبتلا ہوکر انتقال کرچکے ہیں۔ مقامی صحافی غلام مصطفی جمالی کے مطابق گڑہی خیرو میں اگر فلفور امدادی سرگرمیاں شروع نہیں کی گئی تو ایک بڑا انسانی المیہ ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری پوری تحصیل شہروں سمیت تمام گاؤں ڈوب چکے ہیں جس کی وجہ سے غذائی قلت شدت اختیار کرچکی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور گڑہی خیرو میں امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں