آزادیئ اظہار خیال کی آڑ میں شعائر اسلام کا مذاق شرمناک فعل ہے۔
جہلم (محمد زاہد خورشید) ہم سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نائب أمیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے یوم احتجاج پر قرار داد مذمت پیش کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر سینیٹر ساجد میر اور ناظم اعلی پنجاب حافظ یونس آزاد کی ہدایات پر پاکستان بھر میں یوم احتجاج کی کال دی گئی جس میں سویڈن کی شرمناک حرکت پر شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ عالمی سطح پر مسلمانوں کے اس احتجاج کو پہنچایا جائے اور اسلام فوبیا ذہنیت کے ممالک پر واضح کیا جائے کہ مسلمان شعائر اسلام کی عظمت پر مر مٹنے کو تیار ہیں اور ان کا دفاع کرنا ان کے ایمان کا جزو لا ینفک ہے۔ مرکز کی ہدایات کے مطابق خطبہ جمعہ کے اجتماعات میں اس گھٹیا حرکت کرنے والوں کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کی گئیں۔ یوم احتجاج پر خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامر نے مزید کہا کہ آزادیئ اظہارِ خیال کی آڑ میں بطور خاص شعائر اسلام کا مذاق انتہائی شرمناک فعل ہے اور یہ در اصل اسلام اور مسلمانوں کے خلاف چھپے خبث باطن کا اظہار ہے جو یہ عقل و خرد سے عاری لوگ گاہے بگاہے کرتے ہیں۔ یہ قرار داد مذمت مرکزی جامع مسجد چوک اہل حدیث، جامع مسجد سلطان اہل حدیث، جامع مسجد علیا اہل حدیث، جامع مسجد رحمت الٰہی بلال ٹاؤن، جامع مسجد محمدی محمدی چوک، مرکزی جامع مسجد سوہاوہ اور ضلع جہلم کی دیگر مساجد میں بھرپور انداز میں پیش کی گئیں۔