برطانوی محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس سے اموات 43 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ تاہم وائرس کمزور پڑنا شروع ہوگیا ہے۔

Spread the love

لندن (عارف چودھری)برطانوی محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس سے اموات 43 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ تاہم وائرس کمزور پڑنا شروع ہوگیا ہے۔

برطانوی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران اموات میں 16 فیصد کمی آئی ہے۔ اپریل میں روزانہ اموات ایک ہزار تک تھیں، اسی طرح وائرس کے شدید حملوں کے ابتدائی مہینوں میں روزانہ کیسز 6 ہزار تک تھے جو کہ اب ساڑھے 6 سو تک آگئی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا سے آج مزید 154 اموات ہوئیں، کورونا سے اب تک مجموعی اموات 43 ہزار 81 ہوگئیں۔

محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 653 افراد وائرس سےمتاثر ہوئے جوکہ گزشتہ تین ماہ میں ایک دن کے دوران سب سے کم تعداد ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 93 لاکھ 81 ہزارکے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 80 ہزار500 سے زائد ہیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 38 لاکھ 31 ہزار 906 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 24 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 50 لاکھ 66 ہزار 453 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 23 ہزار 476 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 24 لاکھ 24 ہزار 493 ہو چکی ہے۔

امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 12 لاکھ 80 ہزار 605 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 510 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 10 لاکھ 20 ہزار 412 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 51 ہزار 479 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 52 ہزار 771 زندگیاں نگل چکا ہے۔

Please follow and like us:

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں