کشمیر کی حیثیت میں کوئی بھی تبدیلی غیر قانونی ہے، چین

Spread the love

اسلام آباد ( سید وقار علی) چین نے کہا ہے کہ کشمیر کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اس تنازع میں کوئی بھی یک طرفہ اقدام یا کشمیر کے تشخص میں تبدیلی غیرقانونی ہے۔ایک پریس بریفنگ کے دوران صحافی کے کشمیر سے متعلق سوال کے جواب میں چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے کہا ہے کہ کشمیر پر پوزیشن مستقل اور واضح ہے، مسئلہ کشمیر ایک تاریخی تصفیہ طلب مسئلہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ چارٹر، سلامتی کونسل قراردادوں، پاک بھارت دوطرفہ معاہدات میں ہے۔ترجمان نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پر کوئی بھی یک طرفہ اقدام یا تشخص میں تبدیلی غیر قانونی ہے، مسئلہ کشمیر کو تمام فریقین کے مابین پرامن انداز سے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان ہمسائے ہیں، ایک دوسرے سے دور نہیں جا سکتے، پرامن بقائے باہمی ہی بنیادی دوطرفہ مفاد اور عالمی برادری کی مشترکہ اساس ہے، امید ہے دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعے باہمی اختلافات ختم کرکے، بہتر تعلقات اور علاقائی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں