گریٹر مانچسٹر،لنکاشائر ،ویسٹ یارک شائر میں پچھلے ہفتے سے کورونا وائرس کی وجہ سے مقامی سطح پر لاک ڈاؤن 14 اگست تک جاری رہے گا۔

Spread the love

لندن(چودھری عارف پندھیر)

برطانیہ کے ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہینکوک نے میڈیا سے بات چیت کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ گریٹر مانچسٹر،لنکاشائر ،ویسٹ یارک شائر میں پچھلے ہفتے سے کورونا وائرس کی وجہ سے مقامی سطح پر لاک ڈاؤن 14 اگست تک جاری رہے گا۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ انہوں نے کل  لوکل ایکشن گولڈ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی بدقسمتی سے جو اعداد و شمار پیش کیے گئے اس سے ان علاقوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی نہیں ہوئی ہے اس لیے سماجی میل جول  گھر کے افراد کے علاوہ دوسرے گھر کے افراد سے فی الحال ممکن نہیں ان کا کہنا تھا کہ وہ مقامی افراد کے صبر و تحمل کا خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ثابت قدمی سے مقامی لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیا ہے انہوں نے کہا کہ لنکاشائر کاؤنٹی کے شہر پرسٹن میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا لہذا مقامی سطح پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی عوام کی جان کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں بحیثیت حکومت ہم پرعزم ہیں کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز میں واضح کمی ہو جائے گی وہاں مقامی لاک ڈاؤن ختم کر دیا جائے گا اور اسی طرح جن علاقوں میں کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو گا وہاں لاک ڈاؤن کر دیا جائے گا۔یاد رہے برطانوی حکومت نے گریٹر مانچسٹر کی دس کونسلز میں لاک ڈاؤن کے ساتھ لنکاشائر کاؤنٹی کے شہر پرسٹن، یارک شائر میں لاک ڈاؤن کر دیا ہے اس فیصلے پر نظر ثانی اگلے ہفتے کر کے چودہ اگست کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

Please follow and like us:

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں