بھارتی یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں نے دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا

Spread the love

لندن – چودھری عارف پندھیر
بھارتی یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں نے دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا، یوم سیاہ کے موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام ویڈیولنک کے ذریعے بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کا انعقاد، بین الاقوامی کشمیر کانفرنس میں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان اور سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں، پاکستانی سینیٹرز، ممبران قومی اسمبلی، حریت رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی۔ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کی صدارت میزبان و چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین نے کی۔ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس میں مقررین نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل کا اظہار کیا۔
اس موقع پر بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستان کا یوم آزادی ریاست جموں وکشمیر کے عوام دنیا بھر میں ”یوم سیاہ“ کے طور پر مناتے ہیں، ہندوستان نے 73سالوں سے بین الاقوامی معائدوں کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاست کے ایک بڑے حصے پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام اس وقت ہندوستانی فوجوں کے محاصرے میں ہیں،اپنے حق خودارادیت کی جدو جہد کرنے والے کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم پوری دنیا کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، عالمی طاقتوں کو حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو بھارتی جبر واستبداد سے آزادی دلانے کے لئے اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے پیغام میں حق خودارادیت کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے پر بیرونی دنیا میں آباد کشمیریوں کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عالمی رائے عامہ اور ذرائع ابلاغ کے ساتھ رابطوں کو مزید موثر اور فعال بنائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام نے قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں اُن کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیر اعظم ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور اُن کی ٹیم کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، حکومت، حریت قیادت اور کشمیری ڈائسپورہ مل کر مضبوط طریقے سے اپنی آواز کو عالمی اداروں میں پہنچا سکتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا پیغام کشمیر کانفرنس میں سنایا۔اس موقع پر لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر اور ممبر برٹش پارلیمنٹ ایم پی انجیلا رینر نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلائے۔ اس موقع پرلیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گووِن نے خطاب میں کہا کہ ہماری ہمدردی اور سپورٹ ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ ہم بھارت اور پاکستان کی یوم آزادی کے دنوں پر اقوام عالم کو کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدے کو یاد دلائیں گے۔ کشمیریوں کو یہ حق ہو نا چاہیے کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں۔بین الاقوامی برادری نے اقوام متحدہ کے فورم پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم اور انہیں یہ حق دلانے کا وعدہ کیا لیکن آج تک اس پر عمل نہ ہونا افسوسناک اور عالمی فورمز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔میں اور میرے ساتھی ہمیشہ کشمیر یوں کے ساتھ ہیں اور آپکی آواز بن کر دنیا میں اس مسئلے کو اجاگر کریں گے اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ کشمیری مظبوط رہیں اتحاد رکھیں اور آگے بڑھیں۔ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے میزبان و صدر چیئرمین تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین نے شرکاء کو کشمیر میں ہونے والے مظالم،بھارت کی جانب سے قوانین میں رد و بدل اور بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کو مسلسل ٹارگٹ کرنے کے حوالے سے تفصیلا بریف کیا۔ راجہ نجابت حسین نے سفارتی سطح پر ہونے والی کوششوں اور مستقبل کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف سفارتی سطح پر ہر فورم پر کشمیری سراپا احتجاج اور آواز بلند کررہے ہیں۔ ہم مودی سرکار کے ظلم و ستم اور سفارتی سازشوں کے باوجود بھارت کے مکروہ چہرے کو ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔ برطانیہ کے ہر شہر اور یورپ کے ہر ملک میں ہم سیاسی پارٹیوں، ممبران پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو بار بار دستک دیتے رہیں گے۔ جب تک کشمیریوں کو حق خود ارادیت مل نہیں جاتا ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری 1947ء سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جو سنگین صورت حال ہے اور جس طرح ہندوستان کی حکومت نے ان کے تمام حقوق سلب کئے ہیں اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ہم ہر فورم پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق میں ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر شیڈو وزیر دفاع ایم پی خالد محمود اور لارڈ قربان حسین، کونسلر یاسمین ڈار چیئرپرسن تحریک حق خود ارادیت برطانیہ، کونسلر سمیرا خورشید، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ واجد خان، کونسلر الماس گوہر لیڈز، کونسلر شاز نواز نے کہا کہ بھارت کے کشمیر میں ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے دنیا بھر میں نا صرف کشمیری بلکہ ان کے حامی بھی سراپا احتجاج ہیں۔ بھارت ایک بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی تشخص کو پامال کرنے کے لئے قوانین میں رد و بدل سے دنیا بھر میں اس کا جمہوری چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ اس موقع پر سینیٹر سحر کامران، ایم این اے نورین فاروق ابراھیم، ایم این اے شاذا فاطمہ نے خطاب میں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیری 7سال سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ اقوام عالم کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق آزادی دلائیں۔ اس موقع پر ڈی جی جموں و کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی ممبر ان پارلیمنٹ کے بیان اور کشمیریوں کے حق میں ان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔مسئلہ کشمیر کو برطانیہ اور یورپ میں اجاگر کرنے پر ہم برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ ممبران اور ڈائس پورہ کے کشمیریوں و پاکستانیوں کے بے حد شکر گزار ہیں۔بھارت کشمیریوں کو دبانے اور ان کا جذبہ آزادی ختم کرنے کے لئے ہر طرح کا حربہ اختیار کر چکا ہے لیکن ہر ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکا۔ اس موقع پر حریت رہنماء سید فیض نقشبندی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں نا صرف کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ روا رکھا ہوا ہے بلکہ ایک سال کے دوران کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور کرفیو کے دوران بھارتی فورسز نے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ ریاستی تشخص کو تبدیل کرنے کے علاوہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے اور نئے ڈومیسائل قوانین کے ذریعے اندرون ہندوستان سے انتہاء پسند ہندووں اور ظالم فوجیوں کو بسانے اور کشمیریوں سے ان کی جائیدادیں چھیننے کے منصوبے پر عمل جاری ہے۔ اس موقع پر کانفرنس سے یوتھ فورم فار کشمیرکی ڈائریکٹرماریہ اقبال ترانہ،صدر گلوبل کشمیر کمپین ظفر احمد قریشی، نائلہ شریف چیئرپرسن تحریک حق خود ارادیت شمالی برطانیہ، کنول حیات اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے اور کشمیری میں ظلم و ستم رکوانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں