جہلم روہتاس روڈ پر ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت ہیوی ٹریفک نے علاقہ مکینوں کا جینا حرام کر دیا

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم روہتاس روڈ پر ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت ہیوی ٹریفک نے علاقہ مکینوں کا جینا حرام کر دیا،بھاری گاڑیوں کی زد میں آ کر متعدد شہری اور بچے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔ انتظامیہ نے خاموشی اختیار کرلی۔ شہریوں کا ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق روہتاس روڈ پر گنجان آبادی کے درمیان سے گزرنے والے تیز رفتار ڈمپروں نے اہل علاقہ کا سکون غارت کر دیا ہے سنگل سڑک پر سے گزرنے والی بھاری گاڑیوں کے باعث حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں، نصف درجن سے زائد افراد جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں ڈمپروں، ٹریکٹروں،ٹرالیوں کی زد میں آ کر جان کی بازیاں ہار چکے ہیں، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے متعددمرتبہ اس روڈ پر ہیوی ٹریفک کے چلنے پرپابندی عائد کی گئی لیکن عمل درآمد آج تک نہیں ہو سکا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملوٹ میں قائم کریش مشینوں سے آنے والے ڈمپروں کیلئے متبادل سڑک موجود ہونے کے باوجود ڈمپرز ڈرائیورزشارٹ کٹ کے لئے اسی آبادی والی سڑک کو استعمال کرتے ہیں دوسری جانب روہتاس روڈ کے شروع ہوتے ہی درجنوں چنگ چی رکشوں کے ڈرائیورز سڑک کے عین وسط میں رکشے کھڑے کرکے سواریوں کا انتظار کرتے دکھائی دیتے ہیں جس کیوجہ سے اکثر و بیشتر ٹریفک کا جام ہونا معمول بن چکا ہے۔ لیکن ٹریفک پولیس کا کوئی اہلکار روہتاس روڈ پر موجود نہیں ہوتا جس کی وجہ سے چنگ چی رکشہ ڈرائیوں نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھاہے۔ اگر کوئی چھوٹی یا بڑی گاڑی میں سوار مسافر رکشہ ڈرائیوروں کو راستہ کھولنے کی بابت کہے تو رکشہ ڈرائیورز گندگی گالیاں اور ہاتھا پائی کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ روہتاس روڈ پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کی جائے اور چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کو سڑک کے وسط میں رکشے کھڑے کرنے پر سختی سے پابندی عائد کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں