جہلم شہر کے بازاروں، سٹرکوں، چوک چوراہوں میں تجاوزات کی بھر مار

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر کے بازاروں، سٹرکوں، چوک چوراہوں میں تجاوزات کی بھر مار۔ دکانداروں نے سڑکوں پر ٹھیے لگا لیے، اندرون شہرسڑکوں پر پرائیویٹ ہسپتالوں، کلینکس، سکولز، کالجز سمیت بااثر دکانداروں نے شو روم قائم کر لئے، جبکہ چنگ چی رکشہ ڈرائیورں نے سڑکوں پر اڈے قائم کر لئے، میونسپل کارپوریشن کا شعبہ انکروچمنٹ بے بسی کی تصویر بن گیا۔میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ نے شہریوں کو تجاوزات مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا، عوامی، سماجی،رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے اہم ترین چوک، چوراہوں، سڑکوں بالخصوص مین بازار، نیا بازار، دلہن بازار، بانو بازار، کناری بازار، چوک اہلحدیث، محمدی چوک، قبرستان چوک،جادہ چوک، روہتاس روڈ چوک، جادہ چوک میں تجاوزات کیوجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بازار وں میں چھابڑی فروشوں، موبائل ریڑھی بانو ں، چنگ چی ڈرائیوروں نے سڑکوں پر مستقل بنیادوں پر اڈے قائم کر لئے ہیں، زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے کارندے روزانہ کی بنیاد پر پھل، فروٹ، سبزیاں اکٹھی کر کے بانٹ لی جاتی ہیں۔جس کی وجہ سے تجاوزات مافیا نے شہر کے بازاروں چوک، چوراہوں اور سٹرکوں کو اپنی تحویل میں لیکرکارروبار شروع کر رکھا ہے۔ جبکہ بازاروں میں چنگ چی رکشوں، ویگنوں اور لوڈر رکشوں کے داخلوں کی وجہ سے صورتحال مزید بدتر ہو چکی ہے۔تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک میں پھنسنے سے شہر کے بازاروں میں خریداری کی غرض سے آنے والے صارفین بالخصوص خواتین اور بچوں کو سخت پریشانی اٹھانا پڑتی ہے راستے کا حق مانگنے پر تجاوزات مافیا ریڑھی بان شہریوں سے دست و گریباں ہونے سے بھی گریز نہیں کرتے شہریوں کے مطابق اعلیٰ افسران دوروں کے موقع پر عارضی بنیادوں پر تجاوزات ختم کروا دیتے ہیں جبکہ افسران کے جاتے ہی دوبارہ مافیا کو کھلی چھٹی دے دی جاتی ہے، شہریوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں