گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل آیا ہے

Spread the love

ساہیوال (آصف ندیم )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل آیا ہے اور اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں،سٹاک مارکیٹ تین سالو ں کی بلند ترین سطح پر ہے اور ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 30ارب ڈالرسے کم ہو کر صرف3ارب ڈالررہ گیا ہے،وزیر اعظم عمران خان ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کا خواب پورا کرنے کیلئے بھر پور اصلاحات کر رہے ہیں تا کہ ملک میں ترقی کی رفتار مزید تیز کی جا سکے -کورونا وائرس کے دوران ایک کروڑ20لاکھ مالی مشکلات کا شکار خاندانو ں میں 12ہزار روپے فی خاندان تقسیم کئے جو پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں ایک انقلابی اقدام تھا -انہو ں نے یہ بات پنجاب اوور سیز کمیشن کے وائس چیئر مین چوہدری وسیم رامے کی رہائش گاہ پر کورونا وباء کے دوران شاندار خدمات سر انجام دینے والے انتظامی وپولیس افسران،ڈاکٹرز او رپیرا میڈیکل سٹاف اور ٹائیگر فورس کے کارکنوں میں شیلڈ ز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی -انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر کامیابی سے قابو پانے پر پوری دنیا حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا رہی ہے جو وزیر اعظم عمران خان کی دور اندیشی اور بر وقت اقدامات کی بدولت ممکن ہوا -اس اہم کام میں پوری قوم اور میڈیا نے بھی حکومت کا بھر پور ساتھ دیا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں -انہوں نے کہا کہ حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ عام آدمی کو خطر ناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے -گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت تما م اہم فیصلے میرٹ اور شفافیت پر کر رہی ہے اور حالیہ مہینو ں میں یونیورسٹی کے تمام وائس چانسلرز کی تعیناتی خالصتا میرٹ پر کی گئی تا کہ معیار تعلیم کو بہتر کیا جا سکے -بعد ازاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے سانحہ موٹر وے کو انتہائی گھناؤنا فعل قرار دیا اور کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی -اس سے پہلے کینال ریسٹ ہاؤس میں انتظامی و پولیس افسران اور تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ خصوصی ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ہدایت کی کہ انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کرے تا کہ ان کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں اور ان کی مشکلات کم ہو سکیں -بعد ازاں گورنر نے گورنمنٹ کامرس کالج میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا جو الخیر فاؤنڈیشن نے لگایا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں