بہ تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن 3 اکتوبر 2020
ساہیوال (آصف ندیم )محکمہ زراعت کی جعلی کھاد تیار کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی،سینکڑوں کسانوں کو لاکھوں روپے کے نقصان سے بچا لیا،ضلع پاکپتن کے چک 83ڈی میں جعلی کھاد فیکٹری قبضے میں لے لی -12لاکھ روپے مالیت کی 300بوری جعلی ڈی اے پی کھاد برآمد،تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن پاکپتن میاں ریاض احمد نے ٹیم کے ہمراہ چک 83ڈی میں قائم ایک جعلی کھاد کی فیکٹری پر چھاپہ مارا اور 300بوری تیار ڈی اے پی کھاد قبضے میں لے لی -مارکیٹ میں کھاد کی قیمت12لاکھ روپے بتائی گئی ہے -یہ بات ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن ساہیوال چوہدری محمد فاروق نے ایک پریس ریلیز میں بتائی -انہوں نے کہا کہ چھاپہ مار ٹیم نے جعلی کھاد تیار کرنے میں استعمال ہونے والا کیمیکل قبضے میں لے کر 3افراد کو گرفتار کرا دیا ہے -ڈائریکٹر زراعت محمد فاروق کے مطابق یہ جعلی کھاد فیکٹری کچھ روز قبل ہی قائم کی گئی تھی اور اس میں تیار کی گئی کھاد کا پہلا ٹرک مارکیٹ میں بھیجا جا رہا تھا جسے قبضے میں لیا گیا – تھانہ ڈل وریام ضلع پاکپتن کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی دیدی گئی ہے تا کہ انہیں قانون کے مطابق سزا دلائی جا سکے