جہلم شہر سے ملحقہ آبادیوں کے مکین سردیوں کی آمد سے قبل ہی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +دانیال عابد چوہدری)جہلم شہر سے ملحقہ آبادیوں کے مکین سردیوں کی آمد سے قبل ہی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان۔ گیس پریشرکی کمی نے شہریوں کی مشکلات میں مزیداضافہ کردیا،جوں جوں موسم تبدیل ہو رہا ہے ویسے ہی گیس پریشر میں دن بدن کمی ہو رہی ہے، جس کے باعث گھروں میں خواتین کا کھاناتیارکرنامحال ہو کر رہ گیا ہے جبکہ مجبوری کے عالم میں غریب، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے شہری مجبوراً بازاری کھانے استعمال کرنے کی وجہ سے پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔خواتین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام کے گھروں کے چو لہے جو پہلے ہی منہ زورمہنگائی کے باعث ٹھنڈے پڑ چکے ہیں،اب رہی سہی کسر سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے نکال دی ہے،صبح وشا م کے اوقات میں توگیس ہی نہیں ہوتی، ان حالات میں نان بائی اورتندور والوں نے بھی روٹی کے وزن میں کمی اور قیمت میں من مانااضافہ کر رکھا ہے۔خواتین کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ضلعی انتظامیہ نرخوں اور غیر اعلانیہ سوئی گیس لوڈ شیڈنگ کو کنٹر ول کرنے میں بری طرح ناکام نظرآرہی ہے۔ شام ہوتے ہی گیس کی غیرا علانیہ بندش اورپریشر میں کمی شہریوں کیلئے عذاب بن چکی ہے جبکہ اوپر سے قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں نے ایل پی جی سلنڈروں کی خریداری شروع کررکھی ہے جبکہ بڑھتی ہوئی مانگ دیکھ کر ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے والے دکانداروں نے سلنڈروں کی قیمتوں میں بھی خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے،یہ ظلم کی انتہا ہے،اس صورتحال میں عوام کہاں جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں