لندن رپورٹ -عارف چودھری
جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کشمیر کے حوالے سے ایک بین الاقوامی راؤنڈ ٹیبل سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمنار کی صدارت تحریک کے چیئر مین راجہ نجابت حسین نے کی جبکہ سیمینار کی مہمان خصوصی برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراھم (Debbie Abrahams MP)تھیں،سیمینار میں ” کشمیریوں کے حق خودارادیت اوربین الاقوامی سطح پر جدوجہد” کے موضوع پر مقررین نے گفتگو کی، سیمینار میں برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، سیمینار سے برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراھم (Debbie Abrahams MP)، ایم پی جیوڈتھ کمنز(Judith Cummins MP)، ایم پی نادیہ وٹم(Nadia Wittome MP)، سابق ممبریورپین پارلیمنٹ شفاق محمد نے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کیا۔ جبکہ سیمینار میں کامن ویلتھ وومین پارلیمنٹری گروپ کمیٹی کی چیئرپرسن ایم این اے محترمہ شاندانہ گلزارخان، چیئرپرسن نیشنل کمیشن آف رائٹس آف چائلڈ محترمہ افشاں تحسین باجوہ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر سید فیض نقشبندی، ڈی جی جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے صدر عبید الرحمن قریشی، سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ برطانیہ چوہدری اورنگزیب، سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ کونسلر عابد حسین جماعتی، تحریک حق خودارادیت یوتھ ونگ برطانیہ کے چیئر مین ذیشان عارف، اوورسیز کے سینئر رہنما، سابق کونسلر برمنگھم راجہ محمد ایاز خان، کے آئی آر کے چیئرمین الطاف حسین وانی، مختلف این جی اوز سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنما ؤں نائلہ الطاف کیانی، کنول حیات، کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندگان چوہدری محمد شبیر، کرنل عثمان، سردار عبد القیوم خان جونیئر اور سینئر صحافیوں راشد یعقوب خان، ذیشان قریشی اور دیگرنے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کنٹرول لائن پر آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرزمیں ہندوستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور حکومت پاکستان / وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا گیا کہ ہندوستانی جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی سطح پر موثر انداز میں مہم چلائی جائے۔وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ آن کشمیر کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراھم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے ہم ہر سطح پر کردار ادا کریں گے، کشمیر پارلیمنٹری گروپ جہاں برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور کوششیں کر رہا ہے وہیں ہم عالمی سطح پر مختلف پارلیمان کے انسان دوست ممبران، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے فورمز اور شخصیات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے علاوہ بھارتی حکومت کے کشمیر میں غیر آئینی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ہر سطح پر ساتھ دیں گے۔ سیمنار سے کامن ویلتھ وومین پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن شاندانہ گلزار خان MNA نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت نا صرف کشمیر کے اندر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، ایل او سی پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں کی تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مؤثر حکمت عملی کے ساتھ کام کیا جائے گا، تحریک حق خودارادیت کی ٹیم کے ساتھ ہر سطح پر تعاون اور ان سے مل کر سفارتی محاذ پر کوششیں کی جائیں گی۔چیئرپرسن نیشنل کمیشن رائٹس آف چائلڈ محترمہ افشاں تحسین باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں نا صرف نوجوانوں اور بزرگوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے بلکہ خواتین اور بچوں کے ساتھ جو سفاکانہ سلوک کیا جا رہا ہے یہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کے لیے کوشاں اداروں کے لیے تشویشناک اور ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ہم بھارت کے ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور کشمیریوں کی تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران ایم پی جیوڈتھ کمنز، ایم پی نادیہ وِٹم، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ شفاق محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے اقدامات نا صرف قابل مذمت ہیں بلکہ عالمی اداروں کے لیے تشویش کا باعث ہیں، عالمی اداروں کو کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا، ہم برطانیہ بھر میں ہر سطح پر کشمیری کمیونٹی کے شانہ بشانہ ہیں۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے شرکاء کو کشمیر کی تازہ صورتحال بارے تفصیلی بریفننگ دی، سید فیض نقشبندی نے کہا کہ بھارت جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے وہیں غیر آئینی اقدامات بھی اٹھا رہا ہے، بھارت نے تمام تر بین الاقوامی قوانین، معاہدے، اصول اور انسانی حقوق کو پس پشت ڈال دیا ہے، ہم دنیا بھر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈائریکٹر جنرل جموں کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور اپوزیشن کو اپنے گروہی اور سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کرکشمیر کی سنگین صورتحال پر قومی بیانیہ ترتیب دیکر عالمی اداروں اور اقوام متحدہ میں ہندوستانی حکومت کی جارحیت کوبے نقاب کرنے اور اسے روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ کے آئی آر کے چئیرمن الطاف حسین وانی، یوتھ پارلیمنٹ کے صدر عبید الرحمن قریشی، سابق لارڈ میئر چوہدری اورنگزیب،سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ کونسلر عابد حسین جماعتی نے اپنے خطاب میں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے شرکاء کو سفارتی سطح پر کشمیر کے حوالے سے جاری کوششوں اور مستقبل کی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی غیرآئینی اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ، یورپ اور برطانیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار اور ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتی ہے، کشمیریوں کی تحریک کی حمایت اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے پاکستان اور برطانیہ سے باہر امریکہ، یورپ سمیت دیگر ممالک کی پارلیمان او رعالمی فورمزپر بھرپور مہم چلائی جائے گی۔راجہ نجابت حسین نے سیمنار کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی کامیابی تک تحریک اپنا کام جاری رکھے گی
