جہلم(چوہدری عابد محمود +افتخارالحق)جہلم نشان حیدر کا اعزاز پانے والے میجر محمد اکرم شہید کا آج 49واں یوم شہادت جہلم سمیت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، 1971 کے پاک بھارت معرکہ کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید کا 49واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، انہیں جرات و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر نشان حیدر عطا کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاک بھارت معرکہ کے ہیرو شہید میجر ملک محمد اکرم 4 اپریل 1938ء کو ڈنگہ ضلع گجرات میں پیدا ہوئے، ابتداء میں وہ نان کمیشنڈ عہدے کے لئے منتخب ہوئے مگر پھر ملٹری اکیڈمی کاکول سے تربیت حاصل کرنے اور خصوصی امتحانات پاس کرنے کے بعد 1963ء میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ پاکستان آرمی کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے وابستہ ہوئے۔1965ء میں انہیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دی گئی اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ظفر وال سیکٹر میں خدمات سر انجام دیں جبکہ 1970ء میں میجر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔1971ء کی جنگ میں مشرقی پاکستان کے علاقے ہلی کے محاذ پر میجر ملک محمد اکرم نے اپنی فرنٹیئر فورس کی کمانڈ میں مسلسل 5 دن اور5 راتیں اپنے سے کئی گنا زیادہ بھارتی فوج کی پیش قدمی روک کر دشمن کے اوسان خطا کر دیئے۔میجر محمد اکرم نے دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے آج ہی کے روز 5دسمبر 1971کو جام شہادت نوش کیا۔میجر محمد اکرم شہید کا شمار پاک فوج کے ان جانباز افسروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں، 1971ء کی جنگ میں ان کی لازوال بہادری و شجاعت پر دشمن بھی داد دیے بغیر نہیں رہ سکا۔میجر اکرم کو ”ہیرو آف ہلی“ کے نام سے شہرت ملی اور جرات و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر شہید کو اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔اس سلسلے میں شاندار چوک میں ان کے نام سے منسوب یادگار قائم کی گئی جہاں آج انکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیاجائیگا جبکہ ضلع بھر کی مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میجر ملک محمد اکرم شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کی جائیں گی۔
