جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سود خوروں نے پنجے گاڑ لئے

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآزاد)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں سود خوروں نے پنجے گاڑ لئے، مجبورافراد کو سود پر رقم دے کر کنگال کرنے کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا، سود خور مافیا نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے، شہریوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سود خوروں کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں سود خوری کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے، حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں سود خوروں کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے جبکہ جہلم ضلع بھر میں سود خوروں نے حکومتی احکامات کے برعکس سود کا دھندہ تیز کر دیاہے، شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں سود کا کارروبار کرنے والے افراد نے اپنے ایجنٹ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ مستقل ٹھکانے قائم کررکھے ہیں۔ ایجنٹ مجبور، بے بس افراد کو اپنے جال میں پھنسا کر سود خوروں کے ڈیروں پر لے جاتے ہیں اس طرح مجبور افراد سے ضمانت کے طور پر بنکوں کے سادہ چیک ایڈوانس کے طور پر دستخط کروا کر لے لئے جاتے ہیں، قسط نہ ملنے یا لیٹ ہونے پر سود خور اور ان کے غنڈے بے بس افراد کو دھمکیاں دینے سے بھی گریز نہیں کرتے، سود خوروں کے غنڈے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں کے اندر داخل ہو کر سامان باندھنا شروع کر دیتے ہیں جبکہ مجبور بے بس افراد اور ان کے اہل خانہ منت سماجت کرکے مہلت حاصل کرتے ہیں۔اس حوالے سے سود خوروں کے چنگل میں پھنسے ہوئے افراد کا کہنا ہے اپنی بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کی خاطر ایجنٹوں کے سہانے سپنوں میں آکر سود پر رقم حاصل کرتے ہیں۔ جس کی وہ باقاعدگی سے قسطیں بھی ادا کرتے ہیں، اگر خدانخواستہ قسط مقررہ تاریخ سے لیٹ ہو جائے تو سود خوروں کے ایجنٹ اور غنڈے دھمکیوں پر اتر آتے ہیں سود خوروں نے بااثر افراد کی پشت پناہی حاصل کررکھی ہے جن کی مداخلت کیوجہ سے متاثرہ افراد کے خلاف چیک ڈس آنر کے مقدمات درج کروانے کی دھمکیاں دیکر سود در سود کی رقم وصول کی جاتی ہے۔ شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سود خوروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں