رحیم یار خان
(میاں طالب حسین
ڈویژنل بیورو چیف)
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان کے سالانہ انتخابات برائے سال 2026-2027 کے سلسلے میں سیاسی و قانونی حلقوں میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں فرینڈز اینڈ فرینڈز وکلاء اتحاد اور دیگر الائنسز کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہد مشتاق تارڑ کو آڈیٹر کے عہدے کے لیے متفقہ امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
نامزدگی کے بعد ایڈووکیٹ شاہد مشتاق تارڑ نے اپنا انتخابی منشور اور وژن پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی سیاست اور خدمت کا محور “احتساب، شفافیت اور خدمت” پر مبنی ہے۔ انہوں نے وکلاء برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بار کے مالی معاملات کو مکمل طور پر شفاف بنانا، غیر جانبدار اور منصفانہ آڈٹ کو یقینی بنانا، بار کے ارکان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کرنا اور ایک مضبوط و متحد بار کی تشکیل ان کے منشور کے بنیادی نکات ہیں۔
وکلاء حلقوں میں ایڈووکیٹ شاہد مشتاق تارڑ کی نامزدگی کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اتحادی گروپس کے رہنماؤں اور وکلاء کا کہنا ہے کہ بار کے حسابات میں شفافیت اور منصفانہ آڈٹ کا نظام وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے ایڈووکیٹ شاہد مشتاق تارڑ ایک موزوں اور فعال انتخاب ثابت ہوں گے۔
ایڈووکیٹ شاہد مشتاق تارڑ نے اپنے اتحادی گروپس، سینیئر وکلاء اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وکلاء برادری انتخابات میں انہیں بھرپور ووٹ اور سپورٹ دے کر کامیاب بنائے گی تاکہ وہ اپنے منشور کے مطابق بار کی خدمت کا سفر مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔
