
جہلم:( بلال رضا ) ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ کی زیرِ قیادت ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے ضلع کونسل ہال جہلم میں “صنفی تشدد کے خلاف 16 روزہ عالمی آگاہی مہم 2026ء” (16 Days of Activism Against Gender-Based Violence) کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) ماہم مشتاق، متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران، اساتذہ، طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ماہم مشتاق نے کہا کہ خواتین کا تحفظ، وقار اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و خواندگی کا فروغ اور قانونی تحفظ خواتین کو سماجی و معاشی طور پر بااختیار بنانے کے مؤثر ترین ذرائع ہیں، اور ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے صنفی تشدد کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
