رپورٹ طارق ملک بیوروچیف :وزیرآباد کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سیل کردہ بستی میں فاقہ کشی نے ڈیرے جما لئے انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت سے محصورین بھوک کا شکار ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق نئی بستی سوہدرہ میں کرونا کے درجن سے زائد مریض ملنے پر انتظامیہ نے بستی کے گلی محلوں کو دیوار بنا کر اور قناتیں لگا کر مکمل طور پر سیل کیا ہوا ہے .باہر پولیس کا پہرہ ہے اور بستی عام طور پر مکمل بند ہے جس سے وہاں 60 ساٹھ سے زائد گھرانے مکمل طور پر محصور ہوکر قیدیوں کی زندگی گزار رہے ہیں. اشیائے خوردونوش ناپید ہونے سے بستی کے مکین فاقہ کشی کا شکار ہوگئے ہیں اور کرونا سے بچنے والوں کو بھوک سے مرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے بستی میں زیادہ ترغریب محنت کش رہائش پذیر ہیں جن کے پاس وسائل ناپید ہیں اور انتظامیہ نے ان کو بھوک سے مرنے کے لیے بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے. رفاہی اداروں کو بھی بستی کے اندر امداد بھیجنے کی اجازت نہیں محصورین نے بذریعہ فون رابطہ کرکے اطلاع دی ہے کہ اگر محصورین کو حکومت نے کھانا فراہم کرنے کا انتظام نہ کیا تو بستی کے لوگ کرونا کی وجہ سے مرے نہ مریں بھوک سے مر جائیں گے جس کی ذمہ داری مقامی انتظامیہ پر ہوگی.
