جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کا شہید بینظیر پارک دو ہفتوں سے عام شہریوں کے لئے بند، بااثر افراد کو پارک میں جانے کی اجازت، شہریوں کا احتجاج، بلاول بھٹو زرداری سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کا شہید بینظیر پارک بلدیہ کی جانب سے مرمت کے کام کے باعث دو ہفتوں سے عام شہریوں کے لئے بند کر دیا گیاہے جبکہ بااثروں کو پارک جانے اور چہل قدمی کی اجازت دی گئی ہے جس پر شہریوں نے سخت احتجاج کیا ہے غلام رسول، سجاد علی، امجد، سنجے، اکبر اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر کے نام سے منسوب عوامی پارک کو انتظامیہ نے عام شہریوں کے لئے بند کرکے صرف بااثروں کے لئے مخصوص کر دیا ہے جو کہ قابل افسو س ہے اس زیادتی کا پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید بی بی کی حکومت میں شہید بی بی کے نام سے پارک میں عوام کی داخلہ بند کی گئی ہے انتظامیہ کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں دوسری جانب بلدیہ جیکب آباد کے ایڈ منسٹریٹر نصر اللہ سرکی نے رابطے پر بتایا کہ پارک میں گھاس اور درختوں کی کٹائی ہو رہی ہے دو روز بعد پارک عام شہریوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔
