جہلم شہربازاروں سمیت گلی کوچوں میں تجاوزات کی بھرمار

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہیدوں، غاذیوں، اوورسیز پاکستانیوں کاصاف ستھرا اور کشادہ شہرتجاوزات اور قبضہ گروپوں کا مسکن بن گیا۔ بازاروں سمیت گلی کوچوں میں تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے، شہر جو اپنے حقیقی منفرد ڈیزائن اور نقشہ کے اعتبار سے راولپنڈی ڈویژن کا خوبصورت اور سڑکوں کے لحاظ سے کشادہ شہر گرداناجاتا تھا اب تجاوزات کی وجہ سے تنگ گلیوں میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے، تجاوزات کا کینسر بازاروں سے نکل کر شہر کے گلی محلوں،سڑکوں، فٹ پاتھوں تک پھیل گیا ہے،مین بازار، نیا بازار، اقبال لائبریری روڈ، ریلوے روڈ، مشین محلہ روڈ،شاندار چوک،جادہ چوک، سول ہسپتال چوک، محمدی چوک، قبرستان چوک، روہتاس روڈ چوک میں ناجائز تجاوزات کی بھر مار ہو چکی ہے۔ سائیکل، موٹر سائیکل سوارتودرکنار شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہوکر رہ گیا ہے اگر کوئی راہگیر تجاوزات بابت دکانداروں سے باز پرس کرے تو تجاوزات قائم کرنے والا مافیا اسکی بے عزتی کرنے سمیت گندی گالیاں دینے سے بھی گریز نہیں کر تے اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ جاتی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے شعبہ انکروچمنٹ کا متعلقہ عملہ مفت تنخواہیں لیکر شہرکے گلی محلوں کی صورتحال پر قہقے لگاتا دکھائی دیتا ہے۔شہریوں نے گلیوں میں باتھ روم اور پختہ ائیرکولرز کے اسٹینڈنصب کررہے ہیں گھروں کے آگے سیڑھیوں کو نصف سڑک اور گلیوں تک بڑھایا جا رہا ہے، میونسپل کارپوریشن کے شعبہ انکروچمنٹ کا متعلقہ عملہ اپنا حصہ وصول کر کے لمبی تان کر سوئے رہے ہیں۔تجاوزات کرنے والوں نے رمضان المبارک میں تجاوزات کو مزید ترقی دینابھی شروع کر رکھی ہے۔اہلیان شہر کاکہنا ہے کہ ابھی سے تجاوزات کوکنٹرول نہ کیا گیاتو عیدالفطر کے موقع نہ صرف ٹریفک بلکہ سیکورٹی کے مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں، شہریوں نے کمشنر راولپنڈی،ڈپٹی کمشنر جہلم،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن جہلم سے شہرکے بازاروں میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں