بلیک برن (عارف چوہدری )
لنکاشائر کے تاریخی ٹاؤن بلیک برن کی کنگ سٹریٹ کے علاقے میں دن دہاڑے نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے 19سالہ نوجوان لڑکی عایا کو قتل کر دیا اور موقع پا کر وہاں سے فرار ہو گیا ۔جرائم فورس ٹیم کے تفتیشی جانتھن ہومز کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوسناک اور سفاک اقدام قتل ہے جس میں ایک نوجوان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا ان کا کہنا تھا علاقے کا محاصرہ کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ہمیں پتہ ہے کہ یہ علاقہ دن کے وقت کافی مصروف رہتا ہے ہم علاقہ کی عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر انہوں نے اس جرم کے مرتکب کسی واحد شخص یا پھر متعدد افراد کو اس لرزہ خیز واقعہ میں ملوث دیکھا ہے تو وہ فی الفور ہمیں مطلع کریں نام خفیہ رکھا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر جائے حادثہ کے موقع پر کسی نے کوئی وڈیو بنائی ہو یا پھر کار میں کیمرا نصب ہو تو برائے مہربانی تفتیشی ٹیم سے رابطہ کریں انکا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس واقعہ کے وقت اس جگہ پر لوگوں کی کافی ریل پیل تھی اس واقعہ کا کوئ نہ کوئ عینی شاہد ضرور ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھ سکتے ہیں کہ اس لرزہ خیز واردات کے بعد علاقے میں رہائش پزیر مکینوں کے اندر اضطرابی کیفیت پائی جاتی ہو گی لیکن ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ لوگ خوف میں مبتلا نہ ہوں مسلح پولیس تعینات کر کے علاقے کا گشت شروع کر دیا ہے۔