جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں زرعی زمین کے تنازع پر فائرنگ، مسجد کا پیش امام ہلاک، خاتون سمیت چار افراد زخمی۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے تھانہ مولاداد کے علاقے گوٹھ نظر مغیری میں مغیری برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوا،تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کا پیش امام حافظ اکرم مغیری موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق مغیری برادری کے دو فریقین کے درمیان سرکاری زرعی زمین کے تنازع پر تصادم شروع ہوا جاری تصادم کو روکنے کے لیے مسجد کا پیش امام حافظ اکرم مغیری قرآن پاک اٹھا کر تصادم کو روکنے کے لیے باہر نکلا تو فریقین کی درمیان جاری فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جبکہ فائرنگ کے باعث علی بہار، علی بخش اور علی مراد سمیت ایک خاتون لیلاں زخمی ہوگئیں جنہیں سول اسپتال سے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویش ناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے، واقع کے بعد حدود کی پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کرکے پولیس کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق پولیس نے فریقین کے 6افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
