جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو میں مسلح افراد کا جدید اسلحہ سے گھر پر حملہ، باپ اور بیٹا قتل۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے نواحی گاؤں رسول آباد لوہر میں نامعلوم مسلح افراد نے جدید اسلحہ سے لیس ہوکر گھر پر حملہ کرکے باپ اور بیٹے کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے اطلاع پر حدود کی گڑہی خیرو پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد میں علی دوست بلیدی اور اس کا بیٹا امتیاز بلیدی شامل ہیں، پولیس کے مطابق واقع لیڑوانی بلیدی قبیلے کے دو گروپوں کے درمیان سیاہ کاری کے دیرینہ تنازعہ کا شاخسانہ ہے جبکہ واقع کے متعلق مزید تفتیش کی جاری ہے، پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقہ کی ناکابندی کردی گئی ہے۔ اسپتال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقتولین کے ورثہ کا کہنا تھا کہ سیاہ کاری کا الزام بے بنیاد ہے ملزمان ہم سے بھتہ مانگ رہے تھے نہ دینے پر گھر پر حملہ کرکے ہمارے 2 بے گناہ افراد کو قتل کیا گیا ہے متاثرین نے ایس ایس پی جیکب آباد سمیت اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
