جیکب آباد(نامہ نگار) جے یو آئی نے بلدیاتی انتخابات کے لیے ہونے والی حد بندیوں کو مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جمعیت علماء اسلام نے بلدیاتی انتخابات کے لیے ہونے والی حدبندیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے، جے یو آئی موچی بستی کا ایک اجلاس مدرسہ تعلیم القرآن میں منعقدہوا اجلاس میں جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، حاجی عباس بنگلانی، مولانا عبدالجبار رند، حماد اللہ انصاری،چاکر خان جکھرانی، تاج محمود امروٹی، مولانا محمد ابراہیم، محمد موسیٰ مہر اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ہونے والی حد بندیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا، اجلاس سے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی افراد کے کہنے پر حد بندیاں کی جارہی ہے تاکہ حکومتی امیدواروں کو کامیاب کرایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ یونین کونسل بختیار پور سمیت دیگر علاقوں میں جہاں جے یو آئی کی اکثریت ہے کو تقسیم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ حد بندیاں انصاف کی بنیاد کی جائیں بصورت دیگر احتجاج کیا جائے اور عدالت جائیں گے۔
