جاگیرداری سماج وینٹی لیٹر پر ہے آخری ہچکیاں لینے والے مردہ سماج کو بچانے کے لیے کسانوں کے قتل عام جیسے سانحات کروائے جا رہے ہیں

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار)جاگیرداری سماج وینٹی لیٹر پر ہے آخری ہچکیاں لینے والے مردہ سماج کو بچانے کے لیے کسانوں کے قتل عام جیسے سانحات کروائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمیونسٹ پارٹی کے رہنماؤں کامریڈ گل مستوئی، اسلم بنگلزئی، امداد مگسی، فرہاد رند، نظام جتوئی، اکبر چاؤلی، بشیر بنگلانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ کمیونسٹ رہنماؤں نے مزید کہا کہ دنیا سے جاگیرداری کا کب سے خاتمہ ہو چکا ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اسے سرکاری سرپرستی میں مضبوط کیا جا رہا ہے، انگریزوں کے لئے مخبری اور ان کی نوکری کرنے پر انہیں بڑی بڑی جاگیریں دی گئیں اور جائیدادوں سے نوازا گیا تاکہ وہ یہاں کے اشرافیہ ملٹری اور سول بیوروکریسی سے ملکر سرفروش محنت کشوں اور آدرشی انسانوں پر زندگی تنگ کی جاسکے مگر وقت نے ثابت کیا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان نے محنت کش طبقات کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا اور وہ ہر اس تحریک اور جدوجہد کا حصہ رہی ہے جو محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ چاہتی ہیں الاٹی تحریک ہو یا شہداء پٹ فیڈر کی کسان تحریک کمیونسٹ پارٹی نے استحصالی قوتوں کو ناکوں منہ چنے چبوائے ہیں اس لئے پارٹی ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ اور ان کے حواریوں کے زیر عتاب رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آمرانہ اور رجعت پسندوں کی آشیرواد سے بنی حکومت نے ایک طرف سے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی عوام دشمن پالیسیوں سے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے محنت کش طبقات کی زندگی کو اجیرن بنا رکھا ہے تو دوسری طرف سے کرپشن رشوت خوری چوری کساد بازاری اور لوٹ کھسوٹ نے عوام کی چیخیں نکال دیں ہیں، عو ام کو ایسی بحرانی کیفیت کا حل نکالنے کے بجائے یہ نا اہل اور کرپٹ حکومت محنت کشوں کا خون بہا رہی ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان ولی محمد جیسے واقعات کی پزور مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور شہید محنت کشوں کے ورثاء کیساتھ انصاف کرتے ہوئے واقعے کے تمام ملزمان کو قرار واقعی سزا کا مطالبہ کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں