جیکب آباد(نامہ نگار) جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو پر حملے کے خلاف مختلف پارٹیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع بھر میں جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو پر ہونے والے حملے کے خلاف مختلف پارٹیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کرکے دھرنے دئیے گئے اور حملہ آواروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ٹھل میں جے یو آئی کی اپیل پر مختلف جماعتوں کی جانب سے مفتی علی حسن برڑو، محبوب سومرو، سید عبدالباسط شاہ کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکال کر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، ادھر جیکب آباد میں جے یو آئی کی جانب سے ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا جبکہ گڑہی خیرو میں مولانا سلیم اللہ بڑوہی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، راشد محمود سومرو پر حملے کے خلاف مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں نے کہا کہ علامہ راشد محمود سومرو پر قاتلانہ حملہ سندھ کے امن پر حملہ ہے سندھ کے امن کو تباہ کرنے کے لیے ایسی سازشیں کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں امن امان تباہ ہوچکا ہے جہاں سیاسی قائدین بھی غیر محفوظ ہو وہاں عوام کا کیا حشر ہوگا، انہوں نے کہا کہ مجرموں کی فی الفور نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور سندھ میں امن و امان قائم کیا جائے گا۔
