جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں خسرہ کی وباء پھوٹ پڑی، معصوم بچی فوت، سینکڑوں بچے مبتلا۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ایک بار پھر خسرہ کی وباء پھوٹ پڑی ہے جس کی وجہ سے ضلع بھر میں سینکڑوں بچے خسرہ میں مبتلا ہوچکے ہیں،تحصیل ٹھل کے علاقے جونگل میں ایک 5سالہ بچی صوبیہ پہوڑ خسرہ میں مبتلا ہوکر فوت ہوگئی جبکہ ضلع بھر میں سینکڑوں بچے خسرہ کی وباء میں مبتلا ہیں اس سے قبل بھی گزشتہ سال ٹھل سمیت ضلع بھر میں 100سے زائد بچے خسرہ میں مبتلا ہوکر فوت ہوچکے ہیں، ضلع میں خسرہ کی پھیلتی وباء کو روکنے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے موثر اقدامات نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں اموات میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالغفار رند نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گزشتہ ماہ کے دوران مختلف علاقوں میں خسرہ سے بچاؤکی ویکسینیشن کی گئی تھی جن علاقوں میں بچے مرض میں مبتلا ہونے کی اطلاع ملتی ہے وہاں ہنگامی طور پر ٹیموں کو بھیج کر خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جارہی ہے۔
