
جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم سورج سوا نیزے پر گزشتہ 3روز سے سورج نے تیور دکھانا شروع کر دئیے،گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، روزہ داروں کے چہرے مرجھا گئے، تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں گزشتہ 3 روز سے گرمی کی شدت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، جمعہ کے روز پارا 41ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا، لوچلنے سے چرند پرند بھی سائے کی تلاش کرنے لگے،روزے دار نڈھال ہو کر رہ گئے،شدید گرمی کے باعث شہریوں کی اکثریت 12 بجے کے بعد گھروں تک محدود ہوکر رہ گئی شہر کے بازاروں میں عید الفطر قریب آنے کے باوجود ہو کا عالم دیکھنے کو ملا، جس کی وجہ سے محلوں، سڑکوں اور گلیوں میں ویرانی چھائی رہی، لوگوں کی اکثریت واٹر پمپس پر نہا کر گرمی کی شدت کم کرتی نظر آئی۔ شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو گرمی کی شدت کے باعث گھروں میں رہنے اور ضرورت پر باہر نکلتے وقت سر ڈھانپنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے48 گھنٹے میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔