جہلم ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں پٹرول کی شدید قلت برقرار

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +دانیال عابد چوہدری)جہلم ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں پٹرول کی شدید قلت برقرار عوام پٹرول کے حصول کے لئے مارے مارے پٹرول پمپس پر دھکے کھاتے دکھائی دینے لگے۔ ضلعی انتظامیہ بااثر پٹرول پمپ مالکان کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں، شہری سراپا احتجاج، تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والی کمی کے اثرات عوام تک پہنچنے کی بجائے شہریوں کے لئے عذاب بن گئے، ضلع بھرمیں پٹرول ملنا ناممکن ہوگیا ہے، چند ایک پٹرول پمپس پر 1 سو روپے کا پٹرول فروخت کیا جا رہاہے،جس کیوجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے اور شہریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے، پٹرول پمپس مالکان کی جانب سے دستیاب پٹرول سٹور کرکے اس کی فروخت مجبور افراد کو مہنگے داموں کی جارہی ہے جس کے باعث شہری حکومتی نرخوں کے مطابق پٹرول کے حصول کے لئے مارے مارے پٹرول پمپوں کے چکر کاٹنے پر مجبورہوگئے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ آٹے سمیت اشیاء خوردنوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے، پٹرول پمپس مالکان کے خلاف کارروائی کرنے اور پٹرول پمپوں پر پٹرول کی دستیابی کو یقینی بنانے والے اداروں کے افسران و اہلکار زیر زمین چلے گئے ہیں جس کیوجہ سے پٹرول پمپس مالکان شہریوں کی کھال ادھیڑنے میں مگن ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی او انڈسٹری کو پٹرول پمپس کے نرخوں کو چیک کرنے اور پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کو حکومتی نرخ ناموں کے مطابق پٹرول کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں