خیبر سے (امان علی شینواری)
بالجبر انضمام اور پولیس نظام کو تسلیم نہیں کرینگے، 8 مئی کو قومی احتجاجی جلسہ جمرود میں منعقد ہوگا، وزیرستان سے باجوڑ تک قبائلی عوام شریک ہونگے، سپریم کورٹ لارجر بنچ تشکیل دیکر فیصلہ سنائیں، قائداعظم کے فرمودات سے ہٹ کر کوئی نئی بات تسلیم نہیں کرینگے، اپنے وسائل پر قبضہ نامنظور ہے، قبائلی روایات اور رسم و رواج میں مسائل کا حل موجود ہے، انضمام سے تنازعات اور مسائل بڑھے ہیں۔
لنڈی کوتل پریس کلب ڈسٹرکٹ خیبر میں فاٹا قومی جرگہ کے مشران ملک بسم اللہ خان آفریدی، ملک عبدالرزاق آفریدی، ملک بہادر شاہ،حاجی محمدی شاہ، ملک طہماش خان شلمانی و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 مئی کو جمرود میں فیصلہ کن لویہ جرگہ ہوگا جس میں وزیرستان سے باجوڑ تک تمام قبائل شریک ہونگے یہ انضمام مخالف احتجاج ہوگا قبائل مشران نے کہا کہ قبائل کے روشن مستقبل کی خاطر میدان عمل میں نکلے ہیں انہوں نے کہا کہ ساوتھ وزیرستان کے محسود قبائل کا پشاور میں تین روزہ سیمینار ہو رہا ہے جس کے تمام فیصلوں کی تائید کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 2019 میں کیس کیا جس کی سماعت کرتے ہوئے عمر عطاء بندیال نے ہدایت کی تھی کہ انضمام مخالف کیس میں اہم آئینی نوعیت کے نقاط اٹھائے گئے ہیں اس لئے اس کیس کو سننے کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینا ہوگا تاہم ابھی تک وہ لارجر بنچ تشکیل نہ پا سکا اور نہ ہی دوسری سماعت ہوئی
انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سے اپیل کی کہ وہ قبائل کی درخواست پر لارجر بنچ تشکیل دیکر تاریخ مقرر کریں اور فیصلہ سنائیں مشران کے مطابق قبائل جبری انضمام سے خوش نہیں اس سے مسائل اور تنازعات بڑھے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ قائد اعظم نے قبائل کو اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل کیا جائے قبائلی مشران نے جمہوری اداروں اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ انضمام کو واپس لیں اور ہمیں روایات کے تحت زندگی گزارنے دیں، قبائل پرامن ہیں زیادتی نہ کی جائے اور اپنے وسائل پر اختیارات دیں ملک بسم اللہ خان نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلے بروقت نہیں ہوتے جبکہ قبائلی جرگہ انصاف پر مبنی تیز ترین فیصلے کرتا ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران بڑھ رہا ہے لوگ پریشان ہیں جمرود گریڈ اسٹیشن کو تالا لگانےکے حوالے سےکوکی خیل قوم پیر کا دن فیصلہ کرینگی انہوں نے کہا کہ ورسک ڈیم صرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے اس کی رائلٹی اور مفت بجلی چاہئے انہوں نے الزام لگایا کہ جمرود میں پولیس قتل اور اقدام قتل میں ملوث ہے قبائل نے کبھی پولیس کا مطالبہ نہیں کیا مسلط کی گئی ہے اپنے خاصہ دار اور لیوی فورس چاہئے انہوں نے دھمکی دی کہ اگر انصاف نہیں ملا اور انضمام واپس نہیں ہوا تو اسلام آباد میں تمام قبائل کو یکجا کرکے عوامی پاور شو کرینگے۔
