ساہیوال (چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)کپاس کی اگیتی کاشت اور پیداواری صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے چک نمبر 62/4R میں زیادہ کپاس اگاؤ مہم کے تحت محکمہ زراعت توسیع ساہیوال کے زیر اہتمام کسانوں کے کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں کاشتکاران، علاقہ معززین، محکمہ زراعت توسیع کے افسران اور عملہ نے شرکت کی۔ پروگرام میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد اسلم اور زراعت آفیسراحمد سعد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے کہا کہ اگیتی کاشتہ کپاس ہی بھرپور پیداوار اورفی ایکڑ زیادہ منافع کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی اگیتی کاشت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زمینداران اور معززین سے حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کی گئی زیادہ کپاس اگاؤ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔ ڈاکٹر محمد اسلم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگیتی کپاس کی بھرپور پیداوار کے حصول کے لیے علاقے کے حساب سے موزوں اقسام کی کاشت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ساہیوال کے کراپنگ پیٹرن میں مٹر، آلو اور رایا کینولا کی برداشت کے بعد اگیتی کپاس کی کاشت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور زمینداروں کو اس سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہے۔زراعت آفیسر احمد سعد نے اگیتی کپاس کی بھرپور پیداوار کے حصول کے لئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی کا تفصیل سے ذکر کیا جن پر عمل پیرا ہو کر کاشتکاران اپنی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھائیں اور ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
