جہلم( بلال رضا): مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کے ہمراہ پیرا غیب کے مقام پر قائم ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے انہیں جہلم شہر کے سیوریج سسٹم کے مسائل اور ان کے حل کے لیے بنائے گئے ماسٹر پلان کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) اظہر کیانی نے کہا کہ جہلم شہر کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج سسٹم کا ہے، جو روزمرہ حالات میں 24 گھنٹے کام کرنا چاہیے تاکہ گندے پانی کی مکمل نکاسی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دنوں میں نالوں کی بندش کے باعث پانی کی نکاسی رک جاتی ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مشیر صحت نے بتایا کہ اس اہم مسئلے کے مستقل حل کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جو آئندہ پچاس سال تک کے سیوریج کے مسائل کا تدراک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل نہ صرف سیوریج سسٹم کو بہتر بنائے گی بلکہ گندے پانی کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی نے مزید کہا کہ نئے آباد ہونے والے علاقوں کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی مشکلات پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی لاگت کا تخمینہ لگانے کے بعد اسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ اس پر عملدرآمد کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جا سکیں۔
بعد ازاں، جنرل (ر) اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر میثم عباس کے ہمراہ 9 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر الطاف پارک کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے پارک کے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر مشیر صحت نے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
