ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )ڈائیریکٹر زراعت ساہیوال چوہدری شہباز اختر نے کہا کہ اگیتی کاشتہ کپاس ہی بھرپور پیداوار اور فی ایکڑ زیادہ منافع کی ضامن ہے، ملکی معیشت کی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی اگیتی کاشت کو یقینی بنایا جائے اور ہر توسیعی کارکن کو اس سلسلے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنا چاہیے-ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے توسیعی سٹاف ساہیوال کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اسلم سمیت زراعت افسران ،فیلڈ سٹاف اور انٹریز نے شرکت کی۔ انہوں نے عملے پر زور دیا کہ وہ ٹرپل جین اقسام کے حوالے سے کاشتکاران کو اگاہی دیں، ساہیوال کے کراپنگ پیٹرن میں مٹر، الو اور تیلداراجناس کی برداشت کے بعد اگیتی کپاس کی کاشت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور زمینداران کو اس سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا چاہیےکیونکہ اگیتی کاشتہ کپاس ہی بھرپور پیداوار اور منافع کی ضامن ہے- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اسلم نے کہا کہ تحصیل ساہیوال میں 31 ہزار اگیتی کاشتہ کپاس کا ٹارگٹ کا حصول یقینی بنایا جائے گا اور سٹاف اس حوالے سے فیلڈ میں سرگرم عمل ہے اور فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کو بروقت رہنمائی اور اگاہی فراہم کر رہا ہے –
