ممبر ٹیکسز بورڈ آف ریونیو محمد زمان وٹو نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ دیگر سرکاری واجبات خصوصا آبیانہ کی وصولی کا عمل مزید تیز کیا جائے

Spread the love

ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )ممبر ٹیکسز بورڈ آف ریونیو محمد زمان وٹو نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ دیگر سرکاری واجبات خصوصا آبیانہ کی وصولی کا عمل مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت کے ذرائع آمدن میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران حکومت کے ذرائع آمدن میں اضافے کے لئے سرکاری واجبات کی وصولی پر بھرپور توجہ دیں۔ وہ یہاں کمشنر آفس ساہیوال میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ساہیوال ڈویژن میں سرکاری واجبات کی وصولی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور تحصیلداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دسمبر2024تک ساہیوال ڈویژن میں سرکاری واجبات کی وصولی کا جائزہ لیاگیا جس میں بتایا گیا کہ مالی سال2024کے پہلے پانچ ماہ میں ایک ارب 83 کروڑ روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری کی گئی جو خوش آئند ہے۔ ممبر ٹیکسز بورڈ آف ریونیو محمد زمان وٹونے اس سال کی کارکردگی کو پچھلے سال کی نسبت بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ انہیں سرکاری واجبات کی ادائیگی میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ نے اجلاس کو بتایا کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور وہ روزانہ کی بنیاد پر ریکوری کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں