وزیر آباد (طارق جاوید ملک) ناجائز تجاوزات کا خاتمہ اور علیحدہ بائیک لینز کی تعمیر پنجاب بھر میں ایک اہم اور مثبت اقدام ہے، جس کے عوامی مفاد میں دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ غیر قانونی تجاوزات شہری سہولیات، ٹریفک کی روانی اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں، جبکہ بائیک لینز کی علیحدہ تعمیر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور حادثات کی شرح کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ ان اقدامات سے نہ صرف قانون کی پاسداری میں بہتری آئے گی بلکہ شہری زندگی بھی منظم اور سہل ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار سرپرستِ اعلیٰ ینگ تھنکرز کلب پاکستان، انجینئر نعیم قیصر نجمی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے کو وقتی مہم کے بجائے مستقل پالیسی کے تحت نافذ کیا جانا چاہیے، اور اس کے لیے سخت اور مؤثر قوانین بنائے جائیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے جو تجاوزات کی سرپرستی کر کے ناجائز فوائد حاصل کرتے ہیں۔ اسی طرح، علیحدہ بائیک لینز کی تعمیر سے موٹر سائیکل سواروں کو محفوظ راستے ملیں گے، جس سے ٹریفک کی روانی میں اضافہ ہوگا اور حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے عناصر عوامی فلاح و بہبود کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور محض اپنے ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے ان اقدامات کو متنازعہ بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ریڑھی بانوں کے لیے مخصوص جگہیں مختص کی جائیں اور ان کے لیے وہ سرکاری زمینیں استعمال میں لائی جائیں جو غیر فعال ہیں یا بااثر افراد کے قبضے میں ہیں، تاکہ غریب محنت کشوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
