وزیرآباد(طارق جاوید ملک) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع وزیرآباد کی جانب سے انسولین کے بہتر استعمال اور رمضان المبارک میں شوگر سے آگاہی کے حوالے سے ایک ورکشاپ زیر صدارت صدر ڈاکٹر محمد جمال ناصر مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈاکٹر علی شکیل، ڈاکٹر ارشد نسیم، کیپٹن ریٹائرڈ جاوید چغتائی، ڈاکٹر محمود احمد جالب، ڈاکٹر یاسر بلال، ڈاکٹر ذریش راحیل، ڈاکٹر عماد اظہر، ڈاکٹر ناصر امین بٹ، ڈاکٹر نصیر احمد چیمہ، ڈاکٹر علی، ڈاکٹر عثمان، نسیم شوکت و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کے مریضوں کو رمضان میں اضافی احتیاط برتنی چاہیے اور اپنے خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے مناسب خوراک لینی چاہیے، ورنہ ان کی شوگر کبھی ہائی تو کبھی لو رہتی ہے۔ مقررین کا کہنا ہے کہ شوگر کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ روزے کے دنوں میں اپنی شوگر کو جب موقع ملے تب چیک کریں اور ذرا بھی شک ہو تو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ شوگر کے مریضوں کو چاہیے کہ رمضان میں سحری بالکل نہ چھوڑیں، ڈاکٹر کی سفارش کے مطابق انسولین اور ادویات کی ڈوز کو ایڈجسٹ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کریں سحری اور افطار میں پھل سمیت دہی اور دودھ کا استعمال کریں اور کم گلیسیمک انڈیکس والے کاربوہائیڈریٹس کو ترجیح دیں جیسے براؤن رائس، ملٹی گرین آٹا اور سبزیاں وغیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افطاری کے وقت افطار کی اشیاء اور کھانا ایک ہی وقت میں کھانے سے گریز کریں، بہتر ہے کہ پہلے افطار کریں، کچھ دیر بعد کھانا کھائیں اور اس کے بعد وقفے وقفے سے کچھ نہ کچھ کھاتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ پسینہ آنے سے بچنے کے لیے ہلکے کپڑے پہنیں جو پانی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے، سورج کی روشنی میں باہر جانے سے گریز کریں۔
