مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو
چارسدہ(نمائندہ خصوصی)معروف سیاستدان سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد آزادی کی جدوجہد میں جہاں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے تو وہاں دوسری طرف عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے اندر جاری مظالم کی طرف دلانا ہے۔ آج کے روز آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کشمیری اور پاکستانی عوام انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ ریلیاں جلسے جلوس منعقد کرکے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا ایسا سلسلہ جاری ہے کہ انسانیت بھی شرما جائے۔معروف سیاستدان سینیٹر بہرہ مند خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے نسل کشی 76 سال سے جاری ہے، کشمیر جسے جنت نظیر سمجھا جاتا ہے آج وہاں کشمیر میں کوئی انسان محفوظ نہیں اور بھارتی جارحیت زوروں پر ہے جو قابل مذمت ہے انہوں نے کہا مودی سرکار کشمیری عوام کا بے گناہ قتل عام و نسل کشی بند کریں۔