جہلم( بلال رضا)تفصیلات کے مطابق 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئی۔ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی قیادت میں جہلم میں بڑی ریلی نکالی گئی۔جس میں محکمہ سول ڈیفنس ، بلدیہ ، ریسکیو 1222، محکمہ ہیلتھ ، محکمہ ایجوکیشن اور چیئرمین یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس عبدالغفور چوہان کے ساتھ ان کی ٹیم نے بھی خصوصی شرکت کی۔اسی طرح تحصیل دینہ میں منگلا پل پر کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میڈم صبا سحر ، اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر ، سی ای او بلدیہ گلشن نورین ، ڈپٹی ڈی او دینہ سجیل خان ، صوبائی نائب صدر پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ملک نعمان امتیاز اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دینہ سمیت دیگر سکولوں کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم کا کہنا تھا کہ بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں کی وجہ سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو گیا ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کے انسانی حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر عبدالغفور چوہان چوہدری فیصل امین ،سید ذوالفقار حسین شاہ ،محترمہ خاتون سید ، ضلعی صدر سعید احمد ، حافظ خلیل احمد اور محمد انور نے بھی بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے اور انسانی حقوق کی پامالی پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
