ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ مڈھالی روڈپر تجاوزات کے خلاف بلاتفریق اور بھرپور انداز میں کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی مصروف ترین روڈ سے فی الفور تجاوزات ہٹائی جائیں۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن حکام سے اب تک سڑکوں سے ختم کروائی گئی تجاوزات کی مکمل رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے ہائی وے حکام سے چرچ روڈ کی صفائی کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ہائی سٹریٹ پر لگائی گئی سٹریٹ لائٹس کو جلد فنگشنل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج چوک، کمپری ہنسو چوک، مال منڈی چوک کی تزئین و آرائش کا جلد کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے پی ایچ اے حکام کو موسم کے لحاظ سے اچھے پودوں کا انتخاب کرکے شجرکاری کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سوڑی گلی میں تجاوزات گرانے کے راستے میں کھمبوں کے ساتھ لٹکتی تاریں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسین واپڈا، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل حکام کو فوری نوٹسز جاری کئے جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پسپ کے سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بتایا کہ ساوتھ زون ڈسپوزل اسٹیشن کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ نارتھ زون ڈسپوزل اسٹیشن کا کام تکمیل کے قریب ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عیسیٰ نگری میں سیوریج کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔
