وزیر آباد (نامہ نگار) دینی اداروں میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب رائج کر کے مسلم قوم کا مستقبل روشن بنایا جا سکتا ہے۔ قرآنی علوم بنی نوع انسان کی معاشرتی اصلاح کی طرف راہنمائی کرتے ہیں۔ مسلم ھینڈز عالمی سطح پر جہالت کے خاتمے کے لیے سر گرم عمل ھے۔ عالمی فلاحی نیٹ ورک کے ذریعے مصیبت زدہ پسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے انقلابی منصوبوں پر کام کیا جا رھا ہے۔ان خیالات کا اظہار مسلم ہینڈز انٹرنیشنل یوکے کے چیئرمین سید لخت حسنین نے برطانیہ کی مخیر شخصیت عظیم حسین کے تعاون سے تعمیر کردہ مسلم ہینڈز قرآن اکیڈمی اور جامع مسجد ابراہیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔روحانی پیشوا صاحبزادہ رفیق احمد مجددی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم ھینڈز کی انسانیت کی فلاح اور دین کی ترویج کے لئے خدمات لائق تحسین ہیں اور دینی ادارے دجالی فتوں کے خلاف ڈھال کا کردار ادا کر رہے ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی محمد طارق گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مساجد اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور مشنری جذبے سے کام کرنے والے اساتذہ قوم کے محسن ہیں۔ مسلم ھینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاء النور نے کہا کہ مسلم ھینڈز قرآن اکیڈمی ایک مثالی درسگاہ ثابت ہو گی۔انہوں نے ادارے کے قیام کے لئے زمین فراہم کرنے پر علاقہ کی ممتاز سماجی شخصیات مبارک علی بھٹہ،ملک بشارت علی،اور شہزاد وڑائچ ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کی دین سے محبت دنیاو آخرت کی بھلائی کا سبب بنتی ہے۔ تقریب سے علامہ غلام بشیر نقشبندی،علامہ مظفر اقبال چشتی،علامہ عبد الغفار سیالوی،علامہ محمد اسامہ اور دیگر ممتاز شخصیات نے خطاب کیا۔اس موقع پر مسلم ھینڈز کے انٹر نیشنل ڈائریکٹر فنڈ ریزنگ چوہدری محمد توقیر،محمد عثمان،ایریا مینجر رانا عمر فاروق،لائیولی ھڈ آفیسر شمس الرحمن،پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک،انجینئر محمد طارق اسلم، پراجیکٹ مینجر امجد محمود صدیقی،ایڈمن آفیسر واجد نعیم،ممتاز صنعت کار طاہر محمود منہاس کے علاؤہ ممتاز روحانی،مذہبی،سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ قبل ازیں برطانیہ کی مخیئر شخصیت عظیم حسین اور انٹرنیشنل چئیرمن سید لخت حسنین نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور اکیڈمی کے مختلف شعبوں کا وزٹ کیا۔
