وزیرآباد (ملک طارق جاوید) مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کی فلاحی خدمات پوری امت کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ یہ تنظیم قدرتی آفات، شورش زدہ علاقوں میں بحالی اور ضرورت مندوں کو تعلیم، صحت اور کھیل کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی پنجابی یونین کے صدر مدثر اقبال بٹ نے مسلم ہینڈز انٹرنیشنل ایجوکیشن کمپلیکس وزیرآباد میں اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی فائنل سلیکشن سے متعلقہ کیمب کے انعقاد کے موقع پر کیا۔مدثر اقبال بٹ نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کی تربیت پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے اہم قدم ہے۔ اسٹریٹ چائلڈ ٹیم قومی فٹبال کی نرسری ہے اور مستقبل میں بین الاقوامی کھلاڑی تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور محنت کا جذبہ پیدا کرتا ہے، جبکہ ایسے اقدامات قومی وحدت کے فروغ میں بھی مددگار ہیں۔سابق چیف انجینئر واپڈا اور پنجابی یونین کے رہنما چوہدری الیاس گھمن نے کہا کہ ہر علاقے کی ثقافت پاکستان کا حسین عکس ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ماں بولی اور تمدن کا تحفظ کریں۔مسلم ہینڈز پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر صاحبزادہ سید ضیاء النور شاہ نے بتایا کہ ملک کے 25 شہروں سے 167 کھلاڑیوں کو منتخب کر کے تربیت دی جا رہی ہے۔ انڈر 17 ٹیم جولائی 2025 میں ناروے کپ اور انڈر 16 ٹیم مارچ 2026 میں امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔معروف پنجابی شاعر بابا نجمی نے اپنے جوشیلے کلام سے محفل کو گرما دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مشاعرے پڑھنے کے باوجود آج کی محفل کا جوش منفرد ہے۔تقریب سے سینئر صحافی نجیب اللہ ملک، ینگ تھنکرز کلب کے سرپرست انجینئر نعیم قیصر نجمی، پراجیکٹ مینجر امجد محمود صدیقی،صوفی اشرف نثار اور علی جواد نے بھی خطاب کیاآخر میں چیئرمین مسلم ہینڈز انٹرنیشنل صاحبزادہ لخت حسین کی ہدایت پر اعتراف خدمت کے طور مدثر اقبال بٹ، چوہدری الیاس گھمن، بابا نجمی، نجیب اللہ ملک، نعیم قیصر نجمی اور صوفی اشرف نثار کو ان کی طویل علمی ادبی اور صحافتی خدمات پر خصوصی شیلڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔ مہمانوں نے تعلیمی منصوبوں کا دورہ کیا اور تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنایا گیا۔ قبل ازیں مہمانان گرامی کی آمد پر کنٹری ہیڈ مسلم ہینڈز نے تنظیم کی دیگر مینجمینٹ کے ساتھ ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔(فوٹو ہمراہ ہے)
