ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )ریجنل پولیس آفیسر محبوب رشید کی ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آفس آمد، صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم نے معزز مہمان کا استقبال کیا، ایکسپو2025کے موقع پر سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق آرپی او ساہیوال محبوب رشید نے ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم نے انہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے ایکسپو2025کے موقع پر ان کے تعاون اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بہترین انتظامات ان کی پیشہ ورانہ اور انتظامی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر محبوب رشید نے ساہیوال چیمبر کے عہدیداران کو کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر مبارک باد دی اور کہا کہ ساہیوال پولیس تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دروازے تمام تاجروں کے لئے کھلے ہیں وہ کسی بھی وقت اپنے مسئلے کے حل کے لئے ان سے مل سکتے ہیں۔
